آئیے جانتے ہیں کہ گاڈ پارٹیکل کیا ہے اور یہ کیسے دریافت ہوا؟

 آئیے جانتے ہیں کہ گاڈ پارٹیکل کیا ہے اور یہ کیسے دریافت ہوا؟


چار جولائی کو جب جنیوا میں سائنس دانوں نے ایک پرہجوم پریس کانفرنس میں گاڈ پارٹیکل کی دریافت کا اعلان کیا تو اس موقع پر سب سے پہلے بڑی ٹیلی ویژن سکرین پر اس نظریے کے خالق پروفیسرہگز بوسن کا چہرہ دکھایا گیا۔ ان کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے اور وہ مسرت سے کپکپاتی ہوئی آواز میں کہہ رہےتھے کہ میری سب سے بڑی خوش قسمتی یہ ہے کہ  میں نے اپنے نظریے کی سچائی اپنی زندگی میں ہی ثابت ہوتے ہوئے دیکھ لی ہے۔گارڈ پارٹیکل کی دریافت کو اس صدی کی سب سے بڑی سائنسی دریافت قرار دیا جارہاہے ۔ اس مضمون میں گارڈ پارٹیکل سے متعلق ذہنوں میں اٹھنے والے سوالات کے آسان فہم انداز میں جواب دیے گئے ہیں۔

گاڈ پارٹیکل کیا ہے؟

ایٹم کے اندر پایا جانے والا ایک بہت ہی مختصر ذرہ ہے جس کا وزن اندازاً ہائیڈروجن گیس کے ایٹم سے، جو دنیا کا سب سے ہلکا ایٹم ہے، 130 گنا کم ہے۔

گاڈ پارٹیکل کیا کرتا ہے؟

کسی بھی چیز کا ایٹم الیکٹران، نیوٹران اور پروٹان سے مل کربنتا ہے۔ لیکن انہیں ایک مرکز  پر اس طرح اکٹھا کرنے کا کام کہ وہ ایک ایٹم کی شکل اختیار کرلیں،  گارڈ پارٹیکل کرتا ہے۔ جوہری اجزا انتہائی تیز رفتار ہوتے ہیں، جنہیں  گارڈ پارٹیکل اپنی جانب کھینچ کر ان کی رفتار کم کردیتا ہے اور وہ ایک اٹیم کی صورت اختیار کرلیتے ہیں۔
کائنات میں مادے کی عام اشکال  ٹھوس مائع اور گیس ہیں۔ اگر گارڈ پارٹیکل نہ ہوتا تو اس کائنات میں ستاروں، سیاروں اور کہکشاؤں اور ان پر آباد دنیاؤں کی بجائے صرف توانائی کی لہریں ہی ہوتیں۔

گاڈ پارٹیکل کس طرح کام کرتا ہے؟

پراسرار جوہری ذرے کے نظریے کے خالق پروفیسر ہگز بوسن نے اسے ایک آسان مثال سے واضح کیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ  پراسرار ذرہ کسی اہم پرکشش فلمی، سماجی یا سیاسی شخصیت کی مانندہوتاہے۔ جسے  دیکھتے ہی لوگ  سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر اس کی جانب کھچے چلے جاتے ہیں۔ کوئی اس کی تصویر اتارنا چاہتا ہے، کوئی اس سے آٹوگراف لینے کا خواہش مند ہوتاہے تو ہاتھ ملانے کی آرزو میں آگے بڑھتا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ اس ہجوم کا نام ایٹم ہے۔ جوہری ذرات کے ہجوم کی نوعیت اور تعداد کے لحاظ سے مختلف نوعیت کے ایٹم وجود میں آتے ہیں۔ اورپھر وہ کائنات بناتے ہیں۔

گاڈ پارٹیکل نہ ہوتا تو کیا ہوتا؟

اگر ہگزبوسن یا گارڈ پارٹیکل نہ ہوتا تو پھر کائنات میں سوائے توانائی کے کچھ بھی نہ ہوتا۔ کہکشائیں، سورج ، چاند ستارے، زمینیں اور ان کے رنگ اور رعنائیاں  اور زندگی کی مختلف اشکال بھی دکھائی نہ دیتیں۔ماہرین طبعیات کا کہناہے کہ کائنات برقی مقناطیسی لہروں اور جوہری قوتوں سے بھری ہوئی ہے اور اس وسیع و عریض کائنات میں انہیں  کسی مادے کی ضرورت نہیں ہے۔ لیکن اس کائنات میں بےشمار مادی  اجسام تیر رہے ہیں۔ ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ توانائی اور مادہ  ایک دوسرے کا بدل ہیں  اور مادہ توانائی ہی کی ایک شکل  ہے۔ پھر سوال یہ تھا کہ آخر توانائی کا کچھ حصہ مادے میں تبدیل کیوں ہوا۔اس الجھن کو حل کیا پروفیسر ہگز بوسن نے۔گاڈپارٹیکل نہ ہوتا تو کائنات میں صرف توانائی ہوتی اور مادی اجسام ناپید ہوتے

ایڈن برگ میں واقع برطانیہ کی سکاٹ لینڈ یونیوسٹی کے سائنس دان ہگز بوسن نے 1964ء میں ایک پراسرار جوہری ذرے کا نظریہ پیش کیا۔ تخلیق کائنات کے ماڈل کی جدید عمارت ان کےنظریے پر کھڑی ہے۔ تصوراتی  پراسرار ذرے کانام ان کے اپنے نام پر ہگز بوسن رکھا گیا۔ بعدازاں اس موضوع پر گارڈ پارٹیکل کے نام سے ایک کتاب شائع ہوئی ، جس کے بعد پراسرار ذرہ عمومی طور پر گاڈ پارٹیکل کے نام سے مشہور ہوگیا۔

گاڈ پارٹیکل کب وجود میں آیا؟

سائنس دان اس نظریے پر متفق ہیں کہ کائنات ایک بہت بڑے دھماکے کے نتیجے میں وجود میں آئی ۔ جسے بگ بینگ کہاجاتا ہے۔ بگ بینگ سے قبل ایک بہت بڑا گولا موجود تھا جو اپنی بے پناہ اندرونی قوت کے باعث پھٹ کر بکھر گیا۔گولہ پھٹنے سے لامحدود مقدار میں توانائی بہہ نکلی اور تیزی سے پھیلنے لگی۔بگ بینگ کے بعد ایک سیکنڈ کے ایک ارب ویں حصے میں گارڈ پارٹیکل وجود میں آگیا اور اس نے توانائی کے بے کراں سیلاب کو اپنی جانب کھینچنا شروع کیا۔
بنیادی طور پر توانائی کی دو اقسام کی ہے ، ایک وہ جو گاڈ پارٹیکل کی کشش قبول کرتی ہے اور دوسری وہ جس پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔ بالکل اسی طرح جسے بہت سے لوگ اہم شخصیات کی جانب پلٹ کر بھی نہیں دیکھتے ۔ماہرین کا کہناہے  اس وقت کائنات میں بکھری ہوئی توانائی کا  زیادہ تر  حصہ وہی ہے جسے گاڈ پارٹیکل اپنی جانب کھینچ نہیں سکا۔

گاڈپارٹیکل کیسے دریافت ہوا؟

کوئی بھی  سائنسی نظریہ وجود میں آنے کے بعد لیبارٹری میں اس کی سچائی کی تصدیق کی جاتی ہے۔ہگز بوسن کے نظریے کی تصدیق  کا کام اگرچہ پچھلی صدی کے آخر میں شروع ہوگیا تھا لیکن بڑے پیمانے پر اس تحقیق کا آغاز پارٹیکل فزکس کی دنیا کی سب سے بڑی تجربہ گاہ لارج ہیڈرن کولائیڈر کے قیام کے بعد ہوا۔ اربوں ڈالر مالیت کی اس تجربہ گاہ میں حلقے کی  شکل میں 17 میل لمبی  زیر زمین سرنگ بنائی گئی۔ جس کے دونوں سروں پر نصب طاقت ور آلات کے ذریعے جوہری ذرات کی لہریں اس انداز میں بھیجی گئیں کہ وہ اتنی قوت سے ایک دوسرے سے ٹکرائیں ان کے جوہری ذرات ٹوٹ کر بکھر جائیں اور وہی شکل اختیار کرلیں جو اربوں سال پہلے بگ بینگ کے وقت تھی۔
آئیے اس بات کو درج ذیل تصویر کی مدد سے جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔ پروٹون تین کوارکس پر مشتمل ہوتا ہے جو گلونز کے ذریعے آپ میں جڑے ہوتے ہیں ۔ سائنسدانوں نے ان پروٹونز کو لارج کولائیڈر کے اندر مخالف سمت میں اس طرح فائر کیا کہ یہ آخر کار آپس میں ٹکرا جائیں ۔ اور پیمائش کے  تمام آلات بھی اسی جگہ لگائے گئے تھے کہ جہاں ان ذروں نے ٹکرانا تھا۔ نیز ان ذروں  کی رفتار کو مقناطیسی ایکسائٹررز کے ذریعے اس قدر بڑھا دیا گیا کہ انہوں نے 99.9999991 ٪  تک روشنی  کی رفتار حاصل کرلی ( یاد رہے کہ روشنی ایک سیکنڈ میں تین لاکھ کلومیٹر سفر کرتی ہے )۔چناچہ اس رفتار سے جب پروٹؤنز کے اندر کوارکس کے  ذرات آپس میں ٹکرائے تو پیمائش کے آلات کے ذریعے سائنسدانوں کو معلوم ہوا کہ کسی اور نامعلوم ذرے نے یہاں جنم لیا ہے ۔ اور اسی ذرے کا نام ہگس بوسن یا گاڈ پارٹیکل رکھا گیا ہے ۔جوہری ذروں کے ٹکراؤ کے نتیجے میں پیدا ہونے والے ڈیٹا کو ہزاروں کمپیوٹروں کے ذریعےپراسس کیا گیا۔ سائنس دانوں کی دو الگ الگ  بڑی ٹیموں نے علیحدہ علیحدہ تجربات کیے  اوران کے نتائج کو باربار پرکھا۔

4 جولائی کو اس صدی کی سب  سے بڑی سائنسی دریافت کا اعلان کرتے ہوئے سائنس دانوں کہا کہ انہیں اپنے نتائج کی صداقت پر پانچ سیگما تک یقین ہے۔ سائنسی اصطلاح میں سیگما سے مراد ایک ارب واں حصہ ہے۔ یعنی اس دریافت میں غلطی کا امکان ایک ارب میں صرف پانچ ہے۔
قارئین کرام ! جیسا کہ اوپر  ذکر کیا گیا ہے کہ اس ذرے کا نام  اس تھیوری کے خالق ہگس بوسن کے نام پرتوہگس بوسن رکھا گیا ہے  تاہم جب اس تھیوری پر مشتمل کتاب لکھی گئی تو اس کے پبلشر نے اس کتاب کی اہمیت کو بڑھانے کے لیے اس کا نام گاڈ پارٹیکل یا خدائی ذرہ رکھ دیا تھا۔چناچہ اسی وجہ سے اب اس کو گاڈ پارٹیکل بھی کہا جاتاہے ۔ تاہم بدقسمتی سے کچھ لوگو ں نے  اس سے صوفیا کے اس عقیدے کو درست قرار دینے کی کوشش کی ہے کہ دنیا کی کچھ حقیقت نہیں ہے بلکہ سب میں ذات خدا موجود ہے ۔ حالانکہ یہ کہا جاتا تو درست ہوتا کہ یہ اللہ  تعالیٰ کی بے مثال طاقت و قوت کا مظہر ہے کہ اس نے اتنے ننھے منے ذرے کے اندر کس قدر طاقت مہیا کر رکھی ہے کہ انسانی عقلیں حیران وپریشان ہیں ۔ ایٹم  کے اندر پوشید ہ طاقت اور اس کی دنیا کو سمجھنے کے لیے میر ایہ مضمون ضرور پڑھیے گا۔ اس کالنک درج ذیل ہے۔ اللہ ہمیں ہدایت  عطا فرمائے ۔آمین

Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی